ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت کا پہلا فائنل آج
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت کا پہلا فائنل آج
![]() |
|
دبئی: ایشیا کپ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج براہِ راست فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ 41 برسوں کے طویل انتظار کے بعد یہ فیصلہ کن معرکہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ایک ہی ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ایشیا کپ کے موجودہ ایڈیشن میں بھارت پہلے ہی دو بار پاکستان کو شکست دے چکا ہے، تاہم فائنل کی حیثیت منفرد ہے اور شائقین کی نظریں صرف اسی مقابلے پر مرکوز ہیں۔ شائقین کرکٹ اس تاریخی ٹاکرے کے شدت سے منتظر ہیں اور قومی ٹیم کی فتح کے لیے پُرجوش ہیں۔ کرکٹ دیوانوں نے کپتان سلمان علی آغا سے جرات مندانہ قیادت جبکہ شاہین شاہ آفریدی سے شاندار باؤلنگ کی امیدیں باندھ رکھی ہیں۔ بیٹنگ لائن میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب پر بھی نظریں جمی ہیں۔
پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اور بھارت اب تک پانچ بار کسی بھی بڑے ایونٹ کے فائنل میں آمنے سامنے آچکے ہیں، جہاں پاکستان نے تین اور بھارت نے دو بار کامیابی حاصل کی۔
گزشتہ روز دبئی میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمارا مقصد صرف ٹائٹل جیتنا ہے، گزشتہ میچز کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور پر اعتماد ہیں کہ قوم کو کامیابی تحفے میں دیں گے۔"
کپتان نے مزید کہا کہ دباؤ دونوں ٹیموں پر برابر ہوگا، ممکن ہے پاکستان نے اپنی اصل بیٹنگ صلاحیت فائنل کے لیے سنبھال رکھی ہو۔ انہوں نے صائم ایوب سے بہتر کارکردگی کی توقع ظاہر کی اور کہا کہ پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ پچ کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی کہا کہ "پاکستان اور بھارت کے میچ ہمیشہ دباؤ والے ہوتے ہیں، لیکن کھیل میں کھیل کا جذبہ برقرار رہتا ہے، ہم خوش اخلاقی کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔"


تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں